ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں اپنی جاندار اداکاری اور کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد شوٹنگ کے پہلے روز ہی انہیں غیر ذمہ دار قرار دے دیا تھا۔
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کنگنا رناوت کا شمار صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے وہ بھرپور محنت اور اپنی جاندار اداکاری کے باعث انڈسٹری میں نام بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں جب کہ اداکارہ فلموں کے چناؤ میں بھی احتیاط سے کام لیتی ہیں اور ان کی متعدد فلمیں باکس آفس پر شاندار کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں تاہم آج کی سب سے زیادہ کامیاب اداکارہ کو شوٹنگ کے پہلے روز ہی غیر ذمہ دار قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی ناکامیوں سے کامیابی کا سفر شروع کیا۔
بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں فلم’’گینگسٹر‘‘کی شوٹنگ کا پہلا دن بہت عجیب تھا، فلم ڈائریکٹر انوراگ نے طویل دورانیے کے منظرکی عکس بندی کے دوران مخصوص مقام تک چلنے کو کہا تاہم میں چلتے چلتے اس مقام سے بھی آگے نکل گئی جس کے باعث فلمی سیٹ تبدیل کرکے دوبارہ سین کی عکس بندی کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال پر میرے لیے غیرذمہ دار کے الفاظ کہے گئے جس سے میں کافی دلبرداشتہ ہوگئی تھی تاہم ساتھی اداکار عمران ہاشمی نے کام کے لیے قائل کیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ نے فلمی کیرئیر کا آغاز ڈائریکٹر انوراگ باسو کی 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گینگسٹر‘‘ سے کیا تھا۔