میلبورن (جیوڈیسک) آسٹریلوی بلے باز کرس روجرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشز سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ 37 سالہ روجرز اوول میں رواں ماہ کھیلے جانے والے پانچویں ایشز ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہوں گے جو کہ ان کا 25واں ٹیسٹ میچ ہو گا۔
روجرز کا کہنا تھا کہ وہ دو سال تک اپنے کھیل سے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں لیکن ہر چیز کا ایک اختتام ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا آپ کو کبھی بھی سو فیصد یقین نہیں ہوتا۔ مجھے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
روجرز نے کہا کہ لوگوں نے مجھ سے کہا تھا کہ جب صحیح وقت آئے گا تو تمھیں خود ہی اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے۔
کرس روجرز نے پہلا ٹیسٹ بھارت کے خلاف 2008ء میں کھیلا تھا تاہم اس میچ میں دونوں اننگز میں وہ بیس سے زیادہ سکور نہ کر سکے۔ انھیں پھر موقع نہیں دیا گیا۔ پانچ سال 2013ء میں مڈل سیکس کی طرف سے کھیلتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد اوپنر کی حیثیت سے ایشز کے لئے انھیں دوبارہ چنا گیا۔
انھوں نے اس سیریز میں تین سینچریاں سکور کیں اور آسٹریلیا نے سیریز 0-5 سے جیت لی تھی۔ روجرز نے اس سال کے ابتداء میں ریکاڈ ساز سات نصف سنچریاں بنائیں تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے وہ رواں سال جون میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہ کر سکے۔
انگلینڈ میں مختلف کائونٹیوں کی طرف سے کھیلنے والے کرس روجرز ٹیسٹ کرکٹ میں 1972 رن بنا چکے ہیں اور ان کی اوسط 42.86 رہی ہے۔ اس وقت انگلینڈ میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔
انھوں نے 62.42 کی اوسط سے 437 رن بنائے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی یہ اعلان کیا تھا کہ انگلینڈ کے ساتھ پانچواں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔