اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جاپان سے برآمدی ٹیرف میں کمی پر جلد مذاکرات کیے جائیں گے، پاک جاپان بزنس فورم کے نومبر میں منعقد ہونے والے اجلاس میں جاپان کے ساتھ ترجیحی تجارت کے لیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔
پاکستانی ٹیکسٹائل اور لیدر کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی جاپانی منڈیوں میں رسائی کے لیے جلد ہی جامع مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے پاک جاپان بزنس فورم کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ 11 اور 12 نومبر کو پاکستان اور جاپان کے بزنسمین اور حکومتی نمائندوں کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے لیے براہ راست مذاکرات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات کی جاپان میں بہت طلب ہے لیکن جاپان کے خطے کے دوسرے ممالک سے تجارتی معاہدوں کی بدولت پاکستانی مصنوعات کی جاپانی منڈیوں میں رسائی مشکل ثابت ہو رہی ہے۔
جاپان سے پاکستانی مصنوعات کے لیے ان ممالک کے برابر ٹیرف کے حصول کیلیے مذاکرات کیے جائیں گے، پاکستان جاپان سے اربوں ڈالر کی ہائی ٹیک مشینری انتہائی کم ٹیرف پر درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستانی برآمدکنندگان کو متوازی سہولتیں حاصل نہیں۔