لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سے غیر حاضر 17000 ہزار اساتذہ کا کڑا احتساب کیا جائے ، محض رپورٹ شائع کرنا اور چند بیانات کی حد تک کارروائی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، تعلیمی اداروں میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں نے نظام تعلیم کا جنازہ نکال دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں طلبہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فروغ تعلیم کے دعوے کرتی ہے مگر حالیہ رپورٹ ان دعوئوں کی قلعی کھول رہی ہے، غیر حاضر اساتذہ ایک طرف قومی خزانے پر بوجھ ہیں بلکہ تعلیم کے دشمن بھی ہیں۔
زبانی جمع خرچ ، ہوائی اعلانات اور اخباری بیانات سے نکل کر کرپٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔سر کاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی جان بوجھ کر خراب کرکے نجی تعلیمی اداروں کو فروغ دیا گیا ہے ، اب گھوسٹ تعلیمی ادارے اور غیر حاضر اساتذہ پنجاب حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھول رہے ہیں۔