کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماء فاروق ستار خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اچانک رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں میں پیدل گشت شروع کر دیا۔
رینجرز اہلکاروں کے گشت کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور کچھ دیر بعد وہ واپس لوٹ گئے۔ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کے دوران ہی میڈیا کو بتایا کہ رینجرز اہلکار باہر پہنچ چکے ہیں تاہم انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں معلوم نہیں ہے کہ رینجرز کس مقصد کیلئے آئی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم محمد نواز شریف ابھی کراچی میں ہی موجود ہیں تو اس بات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کراچی آئے لیکن ملاقات کی اور نہ ہی تحفظات دور کئے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نائن زیرو اور اس کے اطراف میں معمول کا گشت تھا۔
ایم کیو ایم ترجمان کی جانب سے بھی جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اہلکار ایم کیو ایم کے ایم پی ہاسٹل کے باہر آئے اور خورشید بیگم سیکریٹریٹ کے باہر سے ہوکر گزر گئے۔ رینجرز اہلکاروں نے کچھ دیر نائن زیرو اور اس کے اطراف کی گلیوں میں گشت کیا اور کچھ دیر بعد واپس لوٹ گئے۔