تحریر : ایم ایم علی ایک وقت تھا جب دنیا میں صرف پریس میڈیا ہو کرتا تھا اور لوگ صرف اخبارات کے ذریعے ہی اپنے ملک اور دنیا کے حالات و حاضرہ سے واقف ہوا کرتے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ حضرت انسان ترقی کی منازل طے کرتا گیا اور نت نئی ٹیکنالوجی متعارف ہوتی چلی گئی ،پریس میڈیا کے ساتھ الیکٹرانک بھی فوری خبر کا ذریعہ بن گیا ۔پریس میڈیا پر تو لوگوں کو ایک دن بعد جاکر کسی خبر کی اطلاع ملتی تھی لیکن الیکٹرانک میڈیا نے اس کام کو انتہائی آسان بنا دیا ہے ،اب صورت حال یہ ہے کہ ایک طرف کوئی واقعہ ونما ہو رہا ہوتا ہے تو دوسری طرف لوگ لاکھوں میل دور بیٹھے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس واقعہ کو براہ راست دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ ایک اور میڈیا بھی آج کل دنیا بھر کے لوگوں میں اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہا ہے ،اس کا نام ہے سوشل میڈیا ،یہ میڈیا ہمارے ملک سمیت پوری دنیا میں اسقدر مقبول ہو چکا ہے کہ زندگی میں سرانجام دئیے جانے والے روز مرہ کے کاموں کا حصہ بن چکا ہے ،سوتے جاگتے سوشل میڈیا کا وزٹ کرنا اور اپنا اسٹیٹس اپ لوڈ کرنا لازم سمجھا جاتا ہے
اس میڈیا نے اپنے صارفین کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے ۔سوشل میڈیا کے نقصانات بھی کئی ہیں لیکن اس کے فوائد بھی ان گنت ہیں وہ لوگ یا وہ رشتے دار یا وہ دوست جو برسوں ایک دوسرے سے مل نہیں پاتے تھے سوشل میڈیا کے ذریعے اب وہ ہر وقت رابطے میں ہیں۔قارئین کرام !ہمارے ملک میں آپ سوشل میڈیا کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ ملکی سیاسی جماعتیں بھی سوشل میڈیا پر متحرک دیکھائی دیتی ہیں اور اس میڈیا کو اپنی پبلسٹی کیلئے استعمال کر رہی ہیں ۔مختلف سیاسی جماعتوں سے رکھنے والے افراد ہر وقت ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے میں مصروف رہتے ہیں ۔لیکن اس بار اس میڈیا کو پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف نے ایک مثبت اور منفرد کا م کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔قارئین کرام!یوں وزیر اعلی پنجاب اپنی دبنگ شخصیت اور اپنے ہارڈ ورک کے حوالے ملک کے سیاستدانوں میں ایک منفرد حثیت رکھتے ہیں
Shahbaz Sharif Page
اس بار بھی وزیر اعلی پنجاب سوشل میڈیا کی تاریخ میں ایک منفرد کام کرنے جارہے ہیں ،وزیر اعلی پنجاب 23 اگست کی شام 7 بجے اپنے فیس بک پیج پر ویڈیوز میسج کے ذریعے عوام کے سوالوں کے جواب دیں گے ۔اپنے ایک فیس بک پیغام میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ عوامی فیڈ بیک ان کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے اور وہ اس پر عوام کے مشکور ہیں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کو فیس بک پر لاکھوں لوگوں کے پیغام موصول ہوتے ہیں کہ لوگ ان سے براہ راست ربطہ کرنا چاہتے ہیں ،اس لئے انہوں نے اپنے فیس بک پر لوگوں سے ان کے ضلع،شہر اور گائوں کے مسائل سے متعلق جاننے اور فیس بک پر ان کے سوالات سننے اور لوگوں کی آراء جاننے کا فیصلہ کیا ہے ۔فیس بک پر عوام وزیر اعلی پنجاب سے جو سوال کرے گی وہ ان کا براہ راست جواب دیں گے۔
قارئین کرام ! سوشل میڈیا کی تاریخ میں ایسا پہلی دفعہ ہورہا ہے کہ حکومتی جماعت کے ایک اہم رہنما اور ایک ملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی فیس بک پر عوام سے براہ راست بات کریں گے ان کے مسائل سنیں گے اور ان کے سوالوں کے نہ صرف جواب دیں گے بلکہ ان مسائل کو فوری حل کروانے کیلئے ضروری احکامات بھی جاری کریں گے ۔قارئین!وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدام سے انہیں عوامی مسائل کا علم ہونے اور ترجیحات کے تعین میں مدد ملے گی۔
سوشل میڈیا تقریبا ً ہر انسان کی پہنچ میں ہے اور فیس بک تک رسائی ہر شخص تک نہائت ہی آسان ہے اس لئے کوئی بھی شخص آسانی سے اپنی آئی ڈی بنا کر وزیراعلی پنجاب کےپیج facebook_com/shehbazsharif پر اپنا سوال یا اپنا مسئلہ پوسٹ کر سکتا ہے اور براہ راست ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کر سکتا ہے ۔(یار لوگوں ) کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کر کے دوسرے سیاسی رہنمائوں کیلئے ایک بار مثال قائم کر دی ہے (یار لوگوں ) کا کہنا ہے کہ کہ خادم اعلی پنجاب کا فیس بک پر براہ راست عوام سے رابطہ کرنا ایک انتہائی احسن اقدام ہے ۔اس سے وزیراعلی پنجاب کو لوگوں کے مسائل حل کرنے اور صوبے میںگڈ گورننس کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد ملے گی۔