واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے ایک بار پھر کانگریس پر زوردیا ہے کہ ایران کے ساتھ کیے گئے سمجھوتے کی حمایت کی جائے۔
صدراوباما نے یہ بات ایوانِ نمائندگان کے رکن اور نیویارک سے منتخب ڈیموکریٹ، جیرولڈ نیڈلر کوتحریر کردہ ایک مراسلے میں کہی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ’اگر ایران جوہری ہتھیار بنانے کی جانب قدم بڑھاتا ہے تو پھر امریکا کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں جن میں فوجی آپشن بھی شامل ہے،جواس سمجھوتے کی مدت کے دوران اوراس کے بعد بھی دستیاب رہے گا۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کے لیے مختص دفاعی میزائل فنڈ میں اضافہ کرنے پر تیار ہے، جو ایران جوہری سمجھوتے کی سخت مخالفت کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اوباما نے اس بات کا وعدہ کر رکھا ہے کہ اگر ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ اگلے ماہ نیوکلیئر سمجھوتے پر ووٹنگ کے دوران، تحریک کی مخالفت کریں گے تووہ اسے ویٹو کردیں گے۔