لندن (جیوڈیسک) ماہرین ارضیات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹاؤپوعلاقے میں گرم پانی اور سرگرم آتش فشاں کے ذخائرہیں جن سے اب بھی کبھی کبھی لاوا اگلتا ہے جب کہ ان کے نیچے سونے، چاندی، پلاٹینم اور دیگر قیمتی دھاتیں بھی موجود ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ اس علاقے میں صرف ایک کنویں سے سالانہ 27 لاکھ ڈالر کا سونا نکالا جاسکتا ہے اسی طرح موکائی جیو تھرمل پاور اسٹیشن کے نیچے سے 8 ٹن چاندی روزانہ نکالی جاسکتی ہے لیکن اس خزانے کو نکالنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے کیونکہ روایتی ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ ممکن نہیں اور اس کی وجہ لاوے کا جلتا ہوا ماحول ہے جس کے باعث ان دھاتوں کو نکالنا ممکن نہیں ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ارضیاتی سلسلے کے نیچے ہزاروں اونس سونا اور کئی لاکھ اونس چاندی موجود ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ انہیں اس طرح سے نکالا جائے کہ جیوتھرمل عمل سے بجلی بنانے کا کام متاثر نہ ہو کیونکہ یہاں قدرتی بھاپ سے بجلی بھی بنائی جارہی ہے اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کسی وقفے کے دوران جمع ہوجانے والی دھاتوں کو نکالا جائے لیکن دونوں کےلیے ہی مناسب ٹیکنالوجی لازمی ہے۔