ویانا (جیوڈیسک) آسٹریا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 71 تارکین وطن کی لاشیں ٹرک سے برآمد کرلی گئی ہیں جب کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں 4 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
آسٹریا کے حکام کے مطابق ہنگری سے متصل مشرقی سرحد کے قریب ایک لاوارث ٹرک سے 71 تارکین وطن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن میں 59 مرد، 8 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک ویانا جانے والی مرکزی سڑک کے کنارے پانڈارف قصبے کے قریب پایا گیا جو اس جگہ گزشتہ 2 روز سے کھڑا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد ٹرک کا پتہ چلنے سے 2 دن قبل ہی ہنگری کی سرحد عبور کرنے کے بعد ہلاک ہوچکے تھے اور ان کی لاشوں سے تعفن پھیل رہا تھا۔ پولیس نے بیلجیئم سے 3 افرد کو حراست میں لیا ہے جن پر واقعے میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ تینوں افراد ٹرک چلا رہے تھے۔
آسٹریا میں یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب اس کے دارالحکومت ویانا میں ایک اجلاس میں یورپ سے آنے والے تارکین وطن کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سمندر میں یورپ کی جانب آنے والی کشتیوں سے تو حالیہ چند ہفتوں میں 100 زیادہ تارکینِ وطن کی لاشیں مل چکی ہیں لیکن کسی ٹرک سے ایسی لاشیں ملنے کا یہ پہلا واقعہ ہے جب کہ گذشتہ ماہ یورپی سرحد کو عبور کرنے والے تارکین وطن کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔