امریکہ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ شام میں مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیں گے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بان کی مون نے سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ تمام فریقین کی رضامندی کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے جس سے شام میں جاری 4 سالہ خانہ جنگی کے دوران ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق تحقیقات کی جائے گی اس ضمن میں انہوں نے سیکیورٹی کونسل کو ایک تفصیلی خط بھی پیش کیا جس میں تحقیقات کا طریقہ کار بیان کیا گیا تھا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے خط کے متن کے مطابق ہتھیاروں کے خلاف عالمی تنظیم کے تعاون سے ہی چھان بین کاعمل مکمل ہوگا جس کے تحت کلورین اور دیگر ہلاکت خیز کیمیائی اجزا کی تیاری، معاونت، مالی مدد اور استعمال کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائےگا۔