عرب امارات نے پاکستان سے پٹرولیم نیپتھا خریدنا بند کر دیا، خرم دستگیر

Khurram Dastgir Khan

Khurram Dastgir Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات نے بھارت سے80 ارب ڈالر کے معاہدے کرنے کے بعد پاکستان سے پٹرولیم نیپتھا کی خریداری مکمل طور پر بند کر دی۔

ذرائع کے مطابق بھارت سے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے کے بعد یو اے ای نے پاکستان سے یہ خریداری بند کی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے دعویٰ کیاکہ ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارے میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ جو سامنے آئی ہے وہ یو ای اے کی طرف سے پٹرولیم نیپتھا کی خریداری مکمل طور پر بند کرنا ہے۔

اس کی مد میں سالانہ اربوں کی برآمدات پاکستان کرتا تھا تاہم دیگر اشیا کی برآمد میں اضافہ ہو رہا ہے صرف اس وجہ سے برآمدات میں کمی ہوئی ہے تاہم دستاویزات کے مطابق پٹرولیم گروپ اور کوئلہ کا گزشتہ ماہ جولائی میں ملکی برآمدات میں حصہ 1.8 فیصد رہا، اس عرصے میں پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 3 ارب روپے رہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2014میں 32کروڑ روپے سے زائدکا 3490میٹرک ٹن پٹرولیم کروڈ برآمد کیا گیا جبکہ پٹرولیم پروڈکٹس ایکسل ٹاپ نیپتھا کی برآمد 9425میٹرک ٹن رہی جس کی مالیت 92کروڑ روپے بنتی ہے اور 97کروڑ روپے کا 9900 میٹرک ٹن پٹرولیم ٹاپ نیپتھا برآمد کیا گیا۔