کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) تیز رفتار مسافر بس کی موٹر سائیکل سوارکو ٹکر، دوکمسن بہن بھائی جاں بحق ، والد شدید زخمی، ورثاء واہل علاقہ نے روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ ڈی ایس پی کروڑ کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر ورثاء نے احتجاج ختم کر دیا۔
تفصیل کے مطابق کروڑ کے نواحی علاقہ ٹبی خورد کے رہائشی محمد جہانگیر اپنے تین کمسن بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈاکٹر کے پاس جا رہا تھا کہ کروڑ شہر کی طرف سے آنے والی تیز رفتا ر مسافربس نے ٹکر مار دی جس سے محمد جہانگیر کی پانچ سالہ بیٹی نگینہ اور آٹھ سالہ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ تین سالہ انعم اور والد جہانگیرحادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔
جنہیں بر وقت طبی امداد دینے کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ محمد جہانگیر کی حالت تشویشناک ہو نے پر لیہ ڈی ایچ کیو ریفر کر دیا گیا۔بس ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اہل علاقہ نے مزاحمت کر کے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
مشتعل افراد نے 3گھنٹے تک روڈ بلاک رکھا اور تین گھنٹے بعد ڈی ایس پی کروڑ ملک خالد محمود ڈاہا کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر ورثاء واہل علاقہ نے احتجاج ختم کر دیااور روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔