پشاور (جیوڈیسک) ضلعی حکمرانوں کے انتخابات میں تحریک انصاف نے 9 اضلاع میں ناظم کی سیٹیں جیت کر میدان مار لیا ہے۔ جماعت اسلامی کے چار امیدوار ضلعی ناظم بن گئے۔ (ن) لیگ نے تین اضلاع فتح کئے۔
جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی کے دو، دو امیدوار ضلعی ناظم بنے۔ اے این پی صرف صوابی میں فتح حاصل کر سکی۔
پشاور سے تحریک انصاف کے ارباب عاصم خان نے اپنے مد مقابل کو پچھاڑ دیا۔ نوشہرہ میں تحریک انصاف کے لیاقت خٹک جیت گئے۔ ہری پور میں بھی تحریک انصاف کے عادل اسلام نے اپنے مدمقابل کو شکست دی۔ بٹ گرام سے تحریک انصاف کے عطا الرحمان جیت گئے۔
ٹانک سے بھی تحریک انصاف کے مصطفی کنڈی نے کامیابی اپنے نام کی۔ کرک میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عمر دراز نے مدمقابل کو پچھاڑ دیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے عزیز اللہ زئی، تور غرہ میں تحریک انصاف کے نور محمد اور چارسدہ میں بھی پی ٹی آئی کے فہد خان نے میدان مار لیا۔
اپر دیر میں جماعت اسلامی کے شہزادہ فصیح اللہ نے کامیابی حاصل کی۔ چترال میں جماعت اسلامی حاجی کے معرفت شاہ اور بونیر میں ڈاکٹر عبید اللہ منتخب ہوئے۔ لوئر دیر میں بھی جماعت اسلامی کے محمد رسول خان نے مدمقابل کو شکست دی۔
سوات میں مسلم لیگ (ن) کے محمد علی شاہ ضلع ناظم بن گئے۔ مانسہرہ سے مسلم لیگ (ن) کے سردار سید غلام منتخب ہو گئے۔ شانگلہ سے مسلم لیگ (ن) کے نیاز امیر مقام اور مانسہرہ سے سردار سید غلام نے کامیابی سمیٹی۔ ہنگو میں جے یو آئی (ف) کے مفتی عبید اللہ کامیاب رہے اور کوہاٹ سے مولانا محمد نیاز کو فاتح قرار دیا گیا۔
مالاکنڈ میں پیپلز پارٹی کے سید احمد علی نے میدان مارا۔ لکی مروت میں بھی پیپلز پارٹی کے اشفاق احمد کامیاب ٹھہرے جبکہ صوابی کے ضلعی ناظم کی نشست عوامی نیشنل پارٹی کے امیر رحمان نے جیت لی جبکہ مردان میں انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے ری پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔