کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ‘جسٹس ظہیرانور ظہیر جمالی کو چیف جسٹس بنائے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ قوم کو توقع ہے کہ جسٹس جمالی آئین کی اجارہ داری ‘ قوانین کی پاسداری اور قومی و عوامی مفادات کے تحفظ کے ساتھ انصاف کی فراہمی میں کسی دباو کو خاطر میں نہیں لائیں گے ۔امیر پٹی نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کی شفافیت کیلئے الیکشن کمیشن کو متنازعہ اراکین سے پاک کرنا اور غیر جانبدار بنانا ناگزیر ہے اسلئے روشن پاکستان پارٹی الیکشن کمیشن کے اراکین کے استعفے کے پی ٹی آئی کے مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ اورپر امن و مستحکم جبکہ عوام کو خوشحال و آسودہ بنانے کیلئے غریب عوام ‘ محنت کشوں اور مزدوروں کی ایوان میں نمائندگی یقینی بنانی ہوگی کیونکہ استحصالی عناصر ‘ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے طبقاتی جمہوری نظام میں نہ تو ملک ترقی کرسکتا ہے اور نہ ہی عوام کو انصاف مل سکتا ہے جبکہ مساوات‘ انصاف اور ترقی کے بغیر خوشحالی و استحکام کا تصور عبث ہے۔