کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) تفصیل کے مطابق بستی جھرکل میں سالانہ جشن آزادی کرکٹ اور کبڈی ٹورنمنٹ منعقد ہوا جس کے چیف آرگنائزر قربان علی اور محمد طیب تھے۔ ٹورنمنٹ میں ضلع بھکر ، ضلع لیہ اور دور دراز کے علاقوں سے درجنوں ٹیموں نے حصہ لیا۔
اس کے علاوہ فائنل میچ میں مہمانان خصوصی سابق وفاقی وزیر زراعت ملک احمد علی اولکھ اور المدینہ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے جنرل سیکریٹری رانا وارث علی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے۔ اس موقع پر ملک احمد علی اولکھ نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کو جنم دینے کیلئے مختلف قسم کی کھیلوں کے مقابلہ جات کو فروغ دینا ہو گا۔ انتظامیہ کی کاوشوں کی داد دیتا ہوں اور آنے والی ٹیموں کے حوصلے دیکھ کر دل خوشی سے جھوم اٹھا۔ رانا وارث علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ صحت مند افراد نہ صرف کھیلوں کے میدان میں آگے نکلتے ہیں بلکہ تعلیم کے میدان میں بھی آگے نکل کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ آخر میں مہمانان خصوصی نے جیتنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے۔
اس کے بعد چیف آرگنائزر قربان علی اور محمد طیب نے تمام مہمانان خصوصی ٹیموں اور دور دراز سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آئے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کھیلوں سے نوجوانوں میں خود اعتمادی بڑھتی ہے اور اس سے نہ صرف علاقے کا نام روشن ہوتا ہے بلکہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام بھی روشن ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ کرکٹ ، کبڈی اور دوڑ کے فائنل میں بستی جھرکل نے کامیابی حاصل کی۔