پشاور (جیوڈیسک) ارمڑ میں مقابلے کے دوران تین اہلکار شہید ہو گئے، ایک اشتہاری بھی مارا گیا۔ گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے سات اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کے خلاف مقامی لوگوں نے مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا ہے مرنے والا اشتہاری نہیں عام شہری تھا۔ ارمڑ کے علاقے باغبانان میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق اس دوران ایک گھر میں چھپے اشتہاریوں نے اچانک پولیس پر فائرنگ کردی ۔ پولیس پر گولیاں برسا دیں جس سے دو پولیس اہلکار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی اہلکار ہسپتال پہنچ کر دم توڑگیا ، گولیاں لگنے سے چھ اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ ایس ایس پی آپریشنز میاں سعید کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک اشتہاری بھی مارا گیا۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری طرف واقعے کے خلاف گائوں کے لوگوں میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے اُرمڑ تھانے کے سامنے احتجاج شروع کر دیا۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے مقامی شخص کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا ہے ۔ علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔