اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم جیلوں، ہتھکڑیوں اور صعوبتوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں تاہم ایسی حرکتیں کرنے والے اپنی فکر کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور مقدمات سے بھاگنے والے نہیں، آئندہ بھی عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں، ایف آئی اے نے 2 دن پہلے ملتان میں میرے گھر کے ملازمین کو ہراساں کیا لیکن ہم جیلوں، ہتھکڑیوں اور صعوبتوں سے نہیں گھبراتے، جو اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں وہ اپنی فکر کریں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جس وقت میثاق جمہوریت ہوا تو جیل میں تھا، وہیں اس حوالے سے سنا اور فیصلے کو خوش آئند کہا، میثاق جمہوریت کے جس 15 فیصد حصے پر عمل نہیں کیا گیا اگر اس پر حکومت عمل کرنا چاہے تو پیپلز پارٹی تعاون کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو اس سے کسی کو بھی مشکل نہیں ہوگی۔
سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے جو فہرست عدالت میں پیش کی ہے اس میں سب سے پہلا نام محترم نواز شریف اور اس کے بعد شہباز شریف اور اس کے بعد اسحاق ڈار کا نام ہے، نیب سب کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے۔ آصف علی زرداری کے خلاف جو کیسز کھولے گئے وہ 17 سال پرانے اور من گھڑت ہیں۔