لاڑکانہ (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ سندھ میں انتقامی کارروائیاں کررہی ہے اور اس طرح وفاقی حکومت کے احکامات پر کارروائیاں خطرناک بات ہے۔
لاڑکانہ کے نوڈیرو ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور بختاور بھٹو زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنما اور صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی، اجلاس میں سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جب کہ صوبے میں وفاقی اداروں کی کارروائیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سندھ میں انتقامی کارروائیاں کررہی ہیں اس طرح وفاقی حکومت کے احکامات پر کارروائیاں خطرناک بات ہے جب کہ نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں سے صوبائی خودمختاری متاثرہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں صوبے کو تقسیم کرنے والے حالات نہیں، صوبے کی تقسیم کے لیے بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سوچ رکھنے والے اپنے خیالات بدل لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے، پارٹی رہنما کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے بھرپور صلاحیتوں سے کام لیں۔