لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی سعید اجمل کو ریٹائر منٹ پر مجبور نہیں کریگا، چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اسپنر کو خود سمجھنا ہوگا کہ وہ کہاں کھڑے اور حالات کا تقاضا کیا ہے،قومی ٹی ٹوئنٹی میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لینگے، ملک میں ایک بھی معیاری آف اسپنر موجود نہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں 26بولرز کے ایکشن مشکوک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعید اجمل نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر بورڈ کہے تو وہ عزت سے ریٹائر ہونے کیلیے تیار ہیں،اس حوالے سے استفسار پر چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ سعید پاکستان کا اثاثہ اور عالمی نمبر ون بولر رہے ہیں،ان کی ملک کیلیے بڑی خدمات ہیں،ہم کبھی بھی ان کو ڈراپ نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں موثر سعید اجمل چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ آف اسپنر کو ریٹائرمنٹ کیلیے نہیں کہیں گے لیکن انھیں حقیقت پسندی سے کام لیتے ہوئے سوچنا ہوگا کہ اس وقت کہاں کھڑے ہیں اور حالات کا تقاضا کیا ہے، اگر وہ اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ معاملات زیر غور لانا چاہیں تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قومی ٹی 20سعید اجمل کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا ایک موقع ہے، ایونٹ کے دوران ان کی کارکردگی کا جائزہ لینگے۔ ہارون رشید نے کہا کہ بیشتر ملکی اسپنرز نے مرلی دھرن اور سعید کا انداز اپنانے کی کوشش میں اپنے کیریئر داؤ پر لگادیے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود رپورٹ کو دیکھا جائے تو ڈومیسٹک مقابلوں میں 26بولرز کے ایکشن مشکوک قرار دیے گئے ہیں، یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے پاس ایک بھی معیاری آف اسپنر موجود نہیں ہے۔