اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا معاملہ باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھا دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اگست میں نوے بار بھارت نے جارحیت کی جس میں تیس پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ۔ جولائی میں سینتیس خلاف ورزیوں میں پانچ شہری جان کی بازی ہار گئے ۔ خط میں اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ بھارتی خلاف ورزیوں میں وقت کے ساتھ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ہر روز اوسط جنگ بندی کی تین خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں ، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند کرانے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنا کردار ادا کرے ۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ انہوں نے انفرادی طور پر اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے رہنمائوں کے سامنے بھی یہ سنگین مسئلہ اٹھایا۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت خاص طور پر لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے جسے روکنے کے لئے عالمی ادارہ کردار ادا کرے۔