کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والی ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے ہم منصب صلاح الدین ربان سے پاکستان مخالف مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ سر تاج عزیز نے کہا افغان حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی پاکستان مخالف وال چاکنگ روکی جائے۔
ذرائع کے مطابق سر تاج عزیز نے یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ پاکستانی سفارتخانے کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ کو باور کرایا کہ افغان طالبان کے خلاف طاقت کا استعمال دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہو گا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے ہم منصب کو افغان مفاہمتی عمل کے حوالہ سے پاکستان کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ اس حوالے سے افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں۔