کراچی (جیوڈیسک) سندھ بھر میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے کارروائی کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
سندھ بھر میں جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا۔ رینجرز نے کراچی اور بدین میں چار ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا دوسری طرف پی آئی بی پولیس نے خاتون ٹیچر کے قتل کے الزام میں چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
شہر قائد کے علاقے گلشن معمار میں بھی رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دوٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز ذیشان بیگ عرف شانی اور تنویر احمد عرف ببوا بہاری کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جبکہ شاہ فیصل سے گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلر رفیع داد کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا گیا ہے۔
کلفٹن میں پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم عمر سعید کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اُس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
گرومندر کے قریب پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ دوسری جانب بدین کے گاؤں حاجی لاشاری میں رینجرز نے کارروائی کر کے تین ٹارگٹ کلرز کو گرفتارکر لیا بعد ازاں ملزموں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ادھر پی آئی بی پولیس نے دو روز قبل خاتون ٹیچر کے قتل میں ملوث دو خواتین سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ خاتون ٹیچر قراۃ العین کو ڈیفنس فیز5 کے ایک گیسٹ ہاؤس میں قتل کیا گیا تھا اور لاش کورنگی صنعتی ایریا اللہ والا ٹاؤن میں پھینک دی۔ پولیس کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی مقتولہ کےمنگیتر منظر نے کی تھی۔