کوئٹہ (جیوڈیسک) سیکورٹی فورسز نے بھارتی ایجنسی را سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد گرفتار کر کے یوم دفاع کے موقع پر کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سیکورٹی فورسز نے پہلے سے نصب کی گئی بارودی سرنگ ناکارہ بنا کر چار کلو گرام بارودی مواد، مارٹر بم، بارودی سرنگیں برآمد کر لیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ اداروں کی معلومات پر کوئٹہ سے ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا ہے جو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کوئٹہ شہر میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتا تھا۔
گرفتار دہشتگرد نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ہے ملزم کے قبضے سے چار کلو گرام بارودی مواد، تیار ریمورٹ کنٹرول بارودی سرنگ، نٹ بولٹس برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر کوئٹہ شہر میں پہلے سے نصب کی گئی ایک بارودی سرنگ کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے گرفتار دہشتگرد نے ماضی میں دو مختلف مواقع پر دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔