لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما انجینئر افتخار چودھری نے اخباری بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ اعتزاز احسن کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے ٦٥ کی جنگ کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالی ہے۔
انجینئر افتخار چودھری نے کہا یہ وہی وزیر داخلہ ہیں جنہوں نے کشمیری مجاہدین کی لسٹیں انڈیا کے حوالے کی تھیں اور ان کی پشت پر چھرا گھونپا تھا۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کے لئے ہزار سال لڑنے والوں کی پارٹی پر جب معاشی دہشت گردی میں ملوث ہونے پر ہاتھ ڈالا گیا تو وہ ہر محاذ پر فوج کے خلاف بول پڑے ہیں۔
انجینئر افتخار چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس نے ١٩٦٥ میں پاکستان کی حدود میں اپنے ناپاک قدم ڈالے اور منہ کی کھائی۔تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری نے کہا قوم ٦٥ کی طرح آج بھی فوج کی پشت پر کھڑی ہے اسے اعتزاز احسن جیسے لوگوں کی پرواہ نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ اور اعتزاز احسن کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچنے کی بجائے ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمات پر عمل کریں اور کشمیریوں کی جد وجہد آزادی کا ساتھ دیں۔