راولپنڈی (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پاک فوج کے جوان بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر باغ کے قریب کیلر سیکٹر میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات فائرنگ کی، پاک فوج نے بھی بھرپور جواب دے کر بھارتی بندوقیں خاموش کروا دیں۔
جس کے بعد صبح 9 بجے کے قریب ایک مرتبہ پھربھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ شروع کردیا اس مرتبہ بھی پاک فوج کے جوانوں نے منہ توڑ جواب دیا بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم عام شہریوں کی املاک کو جزوی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ بھارت میں نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک کئی بے گناہ شہری شہید ہوچکے ہیں۔