ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے ایک مداح کی جانب سے ہندوؤں کے خلاف تعصب کا الزام لگانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ہفتے کو ہندوؤں کا مذہبی تہوار جنم اشٹمی منایا گیا لیکن امیتابھ بچن کی جانب سے اس موقع کی مناسبت سے سوشل میڈیا میں کوئی پیغام نہ پا کر ان کے ایک مداح سریش مستری نے ان پر ہندوؤں کے خلاف تعصب کا الزام لگایا۔
سریش مستری نے امیتابھ کے فیس بک صفحے پر لکھا کہ مسلمانوں کی عید پر تو آپ مکمل صفحہ بھر دیتے ہیں لیکن ہندوؤں کے تہوار پر اتنی خاموشی کیوں؟۔ جس پر امیتابھ بچن نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مداح کو فیس بک پر ہی منہ توڑ جواب دے دیا۔
امیتابھ نے لکھا کہ جب کسی خاندان میں فوتگی ہو جائے تو تہوار نہیں منایا کرتے میرے چھوٹے بھائی کی طرح آدیش شری واستو کا کل انتقال ہو گیا اس لیے جنم اشٹمی کی مبارکباد نہیں دی۔
انہوں نے سریش مستری کو سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمیں ہندوستانی تہذیب و اقدار سیکھنے کے لیے آپ کے خیالات کی ضرورت نہیں ہے۔