دوحہ (جیوڈیسک) قطر نے پہلی بار یمن میں اپنے ایک ہزار فوجی تعینات کر دیئے ہیں۔
ایک ہزار قطری فوجیوں کو یمن کے علاقے ماریب میں تعینات کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ بکتر بند گاڑیوں اور ہیلی کاپٹربھی بھیجے گئے ہیں۔ماریب میں ہی گذشتہ ہفتے سعودی اتحاد کے 60 فوجی مارے گئے تھے۔ حوثی باغیوں کے ماریب میں گولہ بارود کے ایک ذخیرے پر راکٹ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی فوجیوں میں سے متحدہ عرب امارات کے 45، سعودی عرب کے 10 اور بحرین کے 5 فوجی شامل تھے۔
سعودی عرب کی کمان میں قائم اتحاد کے ہزاروں فوجی یمن میں بھیجے گئے ہیں تاکہ صدر ہادی کی حکومت کو بحال کیا جا سکے۔ اتحادیوں نے جولائی میں ساحلی شہر عدن کا کنٹرول حوثی باغیوں سے لے لیا تھا اور اب ملک کے شمالی علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں سعودی کمان میں ہونے والی فوجی کارروائیوں میں ساڑھے چار ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے دو ہزار سے زیادہ عام شہری ہیں۔