اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے استعفوں پر وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران خان سے جواب طلب کرلیا ہے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفر علی شاہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس انور ظہیر جمالی نے ظفر علی شاہ سے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکر کی کوئی رولنگ موجود ہے، ظفر علی شاہ کے انکار پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ آپ خود پارلیمنٹیرین رہے ہیں تو پھر سیاسی معاملے عدالت میں کیوں لاتے ہیں، اسپیکر کوئی حکم جاری کرے تب ہم مسئلہ سن سکتے ہیں، استعفوں پر اسپیکر نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، اس لئے فریقین کو نوٹس کرکے سن لیتے ہیں۔
جسٹس انور ظہیر جمالی کے ریمارکس پرظفرعلی شاہ نے کہا کہ عدالت کی مداخلت کے بغیر یہ معاملہ حل نہیں ہو سکتا، اگر عدالت نے آنکھیں بند کیں تو ملک میں خلاء پیدا ہو جائے گا، جس پر سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔