کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ شہری اور دیہی تفریق کا خاتمہ کرکے گوٹھوں کو تمام تر بنیادی سہولیات سے آراستہ کروں گی ،بلا تفریق عوام کے مسائل کو حل کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں شہری علاقہ ہو یا گوٹھ ہر علاقے کو ترقی اور یہاں بسنے والے ہر فرد کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے ساتھ ترقی اور بنیادی سہولت پہنچا یا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون میں جمعہ گوٹھ ،نور الدین گوٹھ اور صدیق گوٹھ تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر گوٹھوں کے مکینوں کو درپیش بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی ذمہ دران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے گوٹھوں کے دورے پر ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن کا گوٹھوں کے مکینوں نے پر تباک استقبال کیا پھولوں کے ہار پہنائے اور پتیاں نچھاور کیں۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے گوٹھوں کے دورے پر مسائل کا جائزہ لینے کے ساتھ عوام خصوصاً خواتین سے علاقائی مسائل سنے کے بعد موقع پر موجود بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر مسائل کو حل کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے کہاکہ گوٹھوں میں مستقل بنیادوں پر صفائی وستھرائی سرسبز ماحول کا قیام اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنا یا جائے ۔گوٹھوں کے مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے عوام کو یقین دلا یا کہ علاقائی سطح پر درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے عوام کی مشاورت کے ساتھ علاقائی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے اس موقع پر فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے گوٹھوں کے مکینوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل پر ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ گوٹھوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے توسیع منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے اور عوام تک پینے کے صاف پانی کی ترسیل کے ساتھ سیوریج مسائل کا خاتمہ کیا جائے۔