اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ اسلام مخالف جذبات ہیں نہیں بلکہ انہیں بھڑکایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں انسداد انتہا پسندی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی غلطیوں کو ٹھیک کررہا ہے اور آرمی چیف جنرل راحیل کی واضح پالیسیوں کی وجہ سے پاک فوج دہشت گردی کی جنگ میں کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کو سیاسی نظر سے دیکھنا چاہئے، دہشتگردی صرف مسلم ممالک نہیں پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، دنیا میں اسلام مخالف جذبات ہیں نہیں بلکہ بھڑکائے جا رہے ہیں، امریکا کا مسلم ممالک میں آمریت کی حمایت کرنے کا رویہ بھی انتہا پسندی کا باعث بن رہا ہے۔
امریکا مسلم دنیا میں آمریت کی حوصلہ افزائی ختم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کے حل کے لئے کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی، سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی کا مقصد ضرب عضب سے توجہ ہٹانا ہے۔