ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں’’کوئین‘‘ کے نام سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے انہوں نے فلمی کیرئیر کا آغاز دوسرے درجے کی فلموں سے کیا تاہم آج میں بھارت کی نمبر ون اداکارہ ہوں۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گینگسٹر‘‘ سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور انتھک محنت کے بعد فلم نگری میں اپنا مقام بنایا جب کہ اداکارہ کنگنا رناوت فلموں کے انتخاب میں ہمیشہ احتیاط سے کام لیتی ہیں تاہم انہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جسے شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں فنی کیرئیر کا آغاز کسی بڑے اداکار کے ساتھ فلموں میں اداکاری سے کرنا چاہتی تھی جس میں ناکام رہی جب کہ میں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز دوسرے درجے کی فلموں سے کیا تاہم آج میں بھارت کی نمبر ون اداکارہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں مقام بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ میرے سیکھنے کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے متعدد فلمی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جس میں بھارت کا اعلی اعزاز’’نیشنل فلم ایوارڈ‘‘ بھی شامل ہے۔