نئی دہلی (جیوڈیسک) پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورس کے درمیان مذاکرات نئی دہلی میں شروع ہو گئے، پاکستانی پندرہ رکنی وفد کی قیادت پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر میجر جنرل عمر فاروق برکی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سرحدی کشیدگی پر بات کی جائے گی۔
پاکستان رینجرز کا 15 رکنی وفد گزشتہ روز صبح اٹاری کے راستے بھارت میں داخل ہوا جہاں بھارتی بارڈر فورس کے اعلیٰ عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پاکستانی وفد کو جہاز کے ذریعے نئی دہلی لایا گیا۔
نئی دہلی ائیر پورٹ پر بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پتھک نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہا۔ جنرل ڈی کے پتھک مذاکرات میں بھارت کے 23 رکنی وفد کی قیادت کریں گے۔
پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورس کے درمیان مذاکرات کا دور 12 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں سرحدی کشیدگی کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔ اوفا معاہدے کے بعد سے بھارت مسلسل سرحد پر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔