کراچی : صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کا انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون میں 30اسپرے مشین گاڑیوں کی مدد سے تمام یوسیز میں انسداد ڈینگی مہم کے تحت جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا گیا ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں صاف ستھرا سرسبز ماحول کا قیام اور ڈینگی سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے۔
عوامی تعاون کے ذریعے ہی گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے اور اس کی افزائش کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جاسکتے ہیں ۔ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے محکمہ ہیلتھ اور بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے نقصانات اور اس کے عوامی زندگی پر اثرات کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی بیداری کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے۔
تشہیری مہم کے ساتھ سیمینار ورکشاپ اور عوامی آگاہی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے ۔قبل ازیں شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا آغاز کرتے ہوئے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی سطح خصوصاً ندیوں اور نالوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جاسکے تاکہ عوامی زندگی کو ڈینگی کے مضر اثرات سے محفوظ بنا نے کے ساتھ مکھی اور مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے ۔اس موقع پر انہوں نے اسپرے پر مامور افسران و عملے کو ہدایت کی کہ انسانیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام علاقوں میں نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے یقینی بنائیں۔