کراچی (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر علی نواز شاہ کو بدعنوانی کیس میں 5 سال قید کی سزا سنادی۔
علی نواز شاہ، خادم علی شاہ اور امتیازعلی شاہ پر زمینوں کی خرید و فروخت کے دوران سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔
احتساب عدالت نے زمینوں کی خرید و فروخت میں کرپشن ثابت ہونے پر علی نواز شاہ کو 5سال، پی پی کے رہنما خادم علی شاہ کو 4 اور امتیاز علی شاہ کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔ دوسری جانب ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ علی نواز شاہ، خادم علی شاہ اور امتیازعلی شاہ ضمانت پر تھے تاہم عدالتی فیصلہ آنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ علی نواز شاہ پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کسانوں سے سستے داموں زمین خریدی اور اسے سرکار کو مہنگے داموں فروخت کی۔