نئی دہلی (جیوڈیسک) پاکستان رینجرز کے 15 رکنی وفد نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی کی سربراہی میں بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بھارتی وزیر داخلہ نے اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ سرحد پر گولہ باری میں بھارت کی طرف سے پہل نہیں کی جائے گی۔ ملاقات میں انڈین بارڈر سیکورٹی فورس کے حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سرحدی کشیدگی ، سرحد پار سمگلنگ اور غلطی سے سرحد پار کرنے والے افراد کی حوالگی پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان رینجرز کا وفد بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس کے حکام سے تین روزہ مذاکرات کے سلسلے میں نئی دہلی میں موجود ہے۔
پاکستانی وفد کی بھارتی حکام سے ملاقاتیں 12 ستمبر تک جاری رہیں گی ۔22 اگست کو سلامتی اُمور کے مشیروں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی منسوخی کے بعد بھارت مسلسل اشتعال انگیزی اور سرحدی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔