ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رجنی کانت شیر میسور کے نام سے مشہور ’’ٹیپو سلطان‘‘ کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے تاہم ہندو انتہا پسند تنظیموں نے فلم کے خلاف تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل پروڈیوسر اشوک کہنے نے انگریزوں کے خلاف جنگ کرنے والے ریاست میسور کے سلطان ’’ٹیپو سلطان‘‘ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس تاریخی فلم میں مرکزی کردار بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رجنی کانت اداکریں گے تاہم فلم کی شوٹنگ کی تاریخوں کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
اداکار رجنی کانت کی ٹیپو سلطان کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کے اعلان کے بعد ریاست تامل ناڈو میں تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے جب کہ ہندو انتہا پسند تنظیم نے فلم پر اعتراض کرتے ہوئے رجنی کانت سے فلم میں کام نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ شیر میسور ٹیپو سلطان انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے آخری حکمران تھے انہوں نے طویل عرصہ انگریزوں کو جنوبی ہند میں داخلے سے روکا جب کہ وہ 1799 میں سرنگا پٹم کے میدان میں انگریزوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔