اسلام آباد (جیوڈیسک) کامران اکمل پر چھائے نحوست کے سائے چھٹنے لگے، قومی ٹیم سے باہرٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹسمین نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں رنز کے انبار لگا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان نے کراچی وائٹس کو 3رنز سے زیر کرلیا، فاتح ٹیم نے 4وکٹ پر185رنز بنائے، کامران اکمل نے صرف 57گیندوں پر105رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ناکام سائیڈ4 وکٹ پر182 رنز بناپائی، شہر یار غنی نے 64 اور رمیز راجہ نے 46 رنز اسکور کیے۔ کوالیفائر کراچی بلوز نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹ سے مات دیدی، ناکام ٹیم نے7وکٹ پر179رنز بنائے، عمر اکمل 52، احمد شہزاد40، سعد نسیم 35اور اظہر علی20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد حفیظ صرف 7رنز بنا سکے۔
رومان رئیس نے3وکٹیں لیں،خرم منظورکے81رنز کی بدولت کراچی بلوز نے ہدف 17.4 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، شاہ زیب 45 اور اسد شفیق 36 پر ناقابل شکست رہے۔ ایبٹ آباد کو پشاور کیخلاف 6وکٹ سے کامیابی ملی، ناکام ٹیم نے 4وکٹ پر195رنز بنائے، افتخار احمد 90رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، فخر زمان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ایبٹ آباد نے ہدف 3گیندوں قبل 4وکٹ پر عبور کرلیا، اوپنر نے 62گیندوں پر 100رنز کی اننگز کھیلی، یونس خان 18رنز کی معاونت کرپائے۔
اسلام آباد نے فیصل آباد کو 8وکٹ سے دھرلیا، ناکام سائیڈ نے 8وکٹ پر 158رنز اسکور کیے، خرم شہزاد47،راحیل امیر 41 اور مصباح الحق31رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔