ڈھاکہ (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گھریلو ملازمہ پر تشدد کے الزام میں فاسٹ بالر شہادت حسین کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالر شہادت حسین کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے وہ گھریلو ملازمہ تشدد کیس کا فیصلہ آنے تک کسی قسم کی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے جب کہ اس سلسلے میں وہ مجھ سے ملنے بھی آئے تھے تاہم میں نے ان سے ملاقات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک گھریلو ملازمہ کا کیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتا کرکٹ بورڈ ان سے کسی قسم کا تعلق نہیں رکھے گا۔
واضح رہے بنگلا دیشی فاسٹ بالر شہادت حسین اور ان کی اہلیہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے الزام میں پولیس کو مطلوب ہیں اور وہ گزشتہ 5 روز سے روپوش ہیں۔