اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے برآمدات میں اضافے کی ذمے داری پوری حکومتی مشینری کو سونپی ہے اور اس کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
تاجروں کے ساتھ ہونے والے اس اجلاس میں روایتی برآمدی سیکٹرز کے علاوہ غیر روایتی سیکٹرز کی برآمدی صلاحیت سے بھی مکمل آگہی حاصل کی گئی ہے۔ ایکسپورٹرز سے حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں وزیر اعظم ایکسپورٹ پروموشن پیکج کا جلد اعلان کریں گے۔
اس سلسلے میں وزارت تجارت میں تیار کیے جانے والے اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18 میں بھی ان مذاکرات کے ذریعے حاصل شدہ مفید پالیسی مشوروں کو شامل کیا جائے گاجس کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی ایکسپورٹرز کے ساتھ طویل ملاقات برآمدات سے متعلق حکومتی اپروچ میں واضح تبدیلی کی مظہر ہے جس سے برآمدات کو ایک مثبت تحریک ملے گی۔