اسلام آباد : پاکستان پوسٹ میں 5 سال کے دوران 55 کروڑ 90 لاکھ کی کرپشن اور بے ضابطگیوں کے538 کیس سامنے آئے جن کے خلاف ملک بھر میں 212 کیس رجسٹرڈ ہوئے جس میں سے83 پولیس، 29 نیب اور99 ایف آئی اے کے پاس ہیں۔
دستاویز کے مطابق پوسٹ ڈپارٹمنٹ کے ماتحت ملک بھر میں اس وقت 12 ہزار 35 ڈاک خانے کام کر رہے ہیں، گزشتہ 5 سال کے دوران ملک بھر میں 405 نئے پوسٹ آفس کھلے اور 584 بند ہوئے، 2 ہزار 851 ملازمین بھرتی ہوئے، جن میں ایک ہزار 666، 178 کنٹریکٹ جب کہ1007 ڈیلی ویجز ملازمین شامل ہیں۔
ملک میں پوسٹ ڈپارٹمنٹ کے 374 یونٹس پر دیگر محکموں اور قبضہ مافیا کا راج ہے جن میں کمرشل، رہائشی عمارتیں اور قیمتی پلاٹ شامل ہیں، ان میں پوسٹ آفس کے20 دفاتر، 344 رہائشی یونٹ، 14 پلاٹ شامل ہیں جن یونٹس پر قبضہ مافیا کا راج ہے اس میں اسلام آباد کے 6 رہائشی یونٹ، 4 آفس بلڈنگ اورایک پلاٹ شامل ہے۔
سب سے زیادہ کراچی میں 182 رہائشی یونٹس پرقبضہ ہے جبکہ دوسرے نمبر پرلاہور میں69 رہائشی یونٹس اور 4 پلاٹوں پر قبضہ ہے، 5 سال کے دوران 55 کروڑ 90 لاکھ کی کرپشن اور بے ضابطگیوں کے538 کیس سامنے آئے جن کے خلاف ملک بھر میں 212 کیس رجسٹرڈ ہوئے جس میں سے83 پولیس، 29 نیب اور99 ایف آئی اے کے پاس ہیں۔