لندن (جیوڈیسک) برطانوی جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں 51 ڈرون حملے برطانیہ نے کیے تھے ، بیورو آف انویسٹی گیٹیو جرنلزم نے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اب تک 421 ڈرون حملوں میں 371 امریکہ جبکہ 51 برطانیہ نے کیے۔
بیورو کے مطابق ان حملوں میں 2400افراد مارے جا چکے ہیں جن میں سے 420 عام شہری بھی شامل ہیں ، دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع نے دبے لفظوں میں اعتراف کیا ہے کہ برطانوی فوج امریکی سی آئی اے کی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں معاونت کر رہی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے دبے لفظوں میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی سی آئی اے کی معاونت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ ، افغانستان ، لیبیا اور عراق میں ڈرون حملوں میں امریکہ کی معاونت کر رہا ہے۔
لیکن پاکستان کے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزارت دفاع کے ترجمان یہ کہہ کر سوال گول کر گئے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں معاونت سے متعلق تصدیق یا تردید نہیں کرسکتے کیونکہ اس سے عالمی تعلقات پر منفی اثر پڑے گا۔
پاکستان میں ڈرون حملوں سے متعلق امریکہ اور برطانیہ کے ایوانوں میں صدائے احتجاج بلند کرنے والے معروف امریکی وکیل و انسانی حقوق کی سرگرم کارکن جینیفر گبسن نے جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان میں بے گناہ شہریوں کے جرم میں برابر کا شریک ہونے کا دبے لفظوں میں اعتراف کرلیا ہے۔