اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے انٹراکشمیر ٹریڈ کے نام پر بھارت سے بڑے پیمانے پر مصالحہ جات کی پاکستان میں اسمگلنگ ناکام بنا کر اسمگل کیے جانے والے لاکھوں روپے مالیت کے 17ہزار کلو گرام مصالحہ جات قبضے میں لے لیے جبکہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے انسداد اسمگلنگ اسکواڈ کو اطلاع ملی تھی کہ بھارت سے اسمگل کیے جانے والے لاکھوں روپے مالیت کے مصالحہ جات آزاد جموں و کشمیر سے پاکستان کی مارکیٹ میں فروخت کے لیے لائے جارہے ہیں۔
جس پر انسداد اسمگلنگ اسکواڈ نے چیکنگ سخت کر دی اور چیکنگ کے دوران پشاور نمبر کے ہینو ٹرک پی 8991 اور آزاد جموو کشمیر مظفر آباد نمبر کی گاڑی ایس اے 784 کی تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 17 ہزار کلو گرام چھوٹی الائچی اور سفید زیرہ برآمد کرکے قبضے میں لے لیے اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دونوں گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔