نیپرا نے 2 روپے 19 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی

Electricity

Electricity

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے جون کے لیے 2 روپے 19 پیسے جب کہ جولائی کے لئے 2 روپے 14 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنےکی منظوری دے دی۔

نیپرا نے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے جون کے لئے فی یونٹ بجلی 2 روپے 19 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی سماعت کی، درخواست میں کہا گیا کہ جون کے مہینے میں 9 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس پر 46 ارب روپے کے اخراجات آئے، پانی سے 40 فیصد، فرنس آئل سے 25 فیصد ، گیس سے 27 فیصد جب کہ نیوکلیئر ذرائع سے 4 فیصد بجلی بنائی گئی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق جون میں پانی سے 3 ارب 97 کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی، فرنس آئل سے 2 ارب 48 کروڑ یونٹ جب کہ گیس سے 2 ارب 72 کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی۔ جون میں ڈیزل سے بنائی گئی بجلی کا فی یونٹ 15 روپے 62 پیسے میں پڑا، فرنس آئل سےبجلی کا فی یونٹ 10 روپے 92 پیسے میں حاصل کیا گیا، گیس سے 5 روپے 70 پیسے میں فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔

اس کے علاوہ نیپرا نے جولائی کے لیے 2روپے 14 پیسے کمی کی درخواست بھی منظور کرلی۔ چیرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے قیمت مقرر ہونے تک ایل این جی سے بنی بجلی کی فیول ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوسکتی۔