سیاسی پارٹیوں کو ملک میں آئین و قانون اور میرٹ کی بالا دستی کیلئے کام کرنا چاہئے، راشد نسیم

Lahore

Lahore

لاہور : نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹ کر اسے کنگال کرنے کے بعد ملک و قوم کو قرضوں کے جال میں پھنسانے اور آئی ایم ایف کے غلام بنانے والے وہی لوگ ہیں جو آج تک ملک میں مغربی کلچر اور سیکولر ازم کی نمائندگی کرتے رہے ہیں اور مغرب کو خوش کرنے کیلئے دیندار لوگوں اور علماء کا مذاق اڑاتے رہے ہیں۔ملک میں پہلے کرپشن لاکھوں اور کروڑوں میں ہوتی تھی جو اب اربوں اور کھربوں میں ہورہی ہے ،کرپشن کرنے اور قرضے کھانے والے خود کو ہمیشہ روشن خیال اور دوسروں کو تنگ نظر کہتے رہے۔سیاسی پارٹیاں اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں اور کرپٹ مافیا کو نکال باہر کریں ۔صاف ستھری سیاست سے ہی پاکستان کو صاف ستھرااور خوشحال ملک بنایا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی شعبہ تربیت کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو ملک میں آئین و قانون اور میرٹ کی بالا دستی کیلئے کام کرنا چاہئے ،جب تک عدل وانصاف اور عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ملک میں جمہوری ادارے مضبوط نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ دین و شریعت کی بالادستی کی بات کرنے والے کرپشن ،قرضوں اور سودی نظام کی بات نہیں کرسکتے ،آج تک اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں نے ملک میں کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا اور عام آدمی کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کرواتے رہے ،جبکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے بھاری شرح سود پر قرضے لیکر آنے والی نسلوں کو بھی عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کا غلام بنا دیا۔

راشد نسیم نے کہا کہ کراچی آپریشن سے قوم خوش ہے اور کراچی کے شہریوں نے سکون کی سانس لی ہے ،مجرموں کے بڑے اڈے ختم ہورہے ہیں ۔ قاتلوں کے گروہ اب چھپنے کیلئے پناہ گاہوں کی تلاش میں ہیں لیکن انہیں اپنے سرپرستوں کی طرف سے بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان اسی صورت قائم ہوسکتا ہے کہ سیاست اور جرائم کو الگ کردیا جائے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جمہوریت کی ضرورت ہے ،ڈکٹیٹر شپ اور آمریت نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے ،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوری رویوں کو فروغ دینا چاہئے تاکہ جمہوری اداروں کو مستحکم کیا جا سکے۔