دبئی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کا کل دبئی میں ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا ، آصف علی زرداری آج پھر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
پیپلز پارٹی کےبڑے دبئی میں اکٹھے بھی ہوئے ، بیٹھک بھی ہوئی ، مشاورت بھی ہوئے ، لیکن کسی فیصلے پر پہنچے بغیر اجلاس ختم ہوگیا، یہ اجلاس آج پھر ہوگا ۔
پیپلز پارٹی کے سب بڑوں کے اکٹھے ہونے اور اتنا اہم اجلاس کرنے کی وجہ کوئی ایک نہیں ، سب سے بڑا درد سر تو پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کا معاملہ ہے ، یہ گرفتاریاں کہیں دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے الزام سے جڑی ہیں تو کہیں ان کے ڈانڈے کرپشن تک پھیلے ہیں۔
ساتھ ہی پارٹی کو یہ بھی الجھن ہے کہ مزید رہنماؤں کی گرفتاریاں کیسے روکی جائيں ، پھر صوبے میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ، جس پر متحدہ قومی موومنٹ پہلے ہی سندھ حکومت سے ناراض ہے لیکن اب حکومت پر خود پر بن آئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے اس اہم ترین اجلاس میں ابھی کوئی فیصلہ سامنے آیا نہیں، ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج پارٹی رہنماؤں سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔
بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی زیر صدارت کل ہونے والے اجلاس میں جن دیگر نمایاں رہنماؤں نے شرکت کی ان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، اعتزاز احسن ، نیر بخاری اور تاج حیدر نمایاں تھے۔