سابق ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈسن آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل

Richie Richardson

Richie Richardson

دبئی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل کرلیا گیا اور وہ آئندہ برس میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈسن حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے والے روشن راہناما کی جگہ لیں گے تاہم ان دنوں وہ بطور ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے منیجر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کی مدت آئندہ سال کے ابتدا میں ختم ہورہی ہے۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں میچ ریفری منتخب ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں انتہائی اہم ذمہ داری کے لئے انہیں منتخب کرنا اعزاز کی بات ہے جس پر وہ بہت خوش ہیں۔

رچی رچرڈسن کا کہنا تھا کہ پہلے کھلاڑی اور پھر انتظامی حیثیت سے کرکٹ سے وابستہ ہونا قابل اعزاز ہے جب کہ ان کا خیال ہے کہ انہیں میچ ریفری کا خاصہ تجربہ ہے جو انتہائی اہم ذمہ داری ادا کرنے کے لئے مفید ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ 1983 سے 1995 کے درمیان رچرڈسن ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں اور اس عرصے کے دوران انہوں نے 86 ٹیسٹ اور 224 ایک روزہ میچز کھیلے۔