لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ ہونا چاہیئے اس لئے اب بھارت سے کھیلنے کی کوئی درخواست نہیں کی جائےگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ چند ہندوانتہا پسند نہیں چاہتے تھے کہ پاک بھارت سیریز ہو اس لئے بھارت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کی کوئی درخواست نہیں کریں گے اور بھارت خود بتائے کہ وہ کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو 1999 میں بھارت میں دھمکیاں بھی ملیں اور ایک وقت تھا کہ کلکتہ میچ کے دوران سچن ٹنڈولکر کے رن آؤٹ ہونے پر گراؤنڈ میں جلاؤ گھیراؤ بھی ہوا اس کے باوجود ہم نے کرکٹ کھیلی۔
چیئرمین پی سی بی نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے وومن ٹیم کا دورہ پاکستان کنفردم کردیا تاہم عیدالاضحی کے بعد پاک بنگلا وومن سیریز کی تاریخیں عید کے بعد طے کی جائیں گی جب کہ سیریز کے 2 میچز لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے جائیں گے۔