لاہور (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب، جہلم، نالہ ہلکھو، نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق بھارت سے دریائے چناب میں بارش کا بہت زیادہ پانی آرہا ہے اور ساتھ ہی ملکی بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد دریائے چناب، جہلم، نالہ پلکھو، نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں سیلاب کا خدشہ ہے اور وادی چترال اور گلگت بلتستان میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں میں گلیشیائی جھیلوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ،لاہور، ہزارہ ڈویژن میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے تاہم عید کے موقع پر ملک بھر میں مطلع صاف رہے گا۔