لاہور : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوٹل اینڈ ٹورازم کے چیئرمین عظیم قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکولوں اور کالجز میں ورکشاپ کا انعقاد کریں گے، تاکہ اپنی نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت اور تاریخ سے آگاہی دی جا سکے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری فیڈریشن محمد رفیق آسی ،اور سینئر ممبر عادل رضا بھی ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت کے شعبہ کو خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاہم ہمارے ملک میں اس شعبہ کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ اپنی نئی نسل کو بھی اپنی ثقافت اور تاریخ بارے آگاہی دی جائے اس کیلئے نئی نسل کے ذہنوں میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ،رفیق آسی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی ہوٹل اینڈٹورازم کی کمیٹی کا مقصد ہی پاکستان میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینا ہے جس کیلئے فیڈریشن چیمبرز آف کامرس کے آفس میں متعدد میٹنگز اور اجلاس بھی منعقد کروائے جا چکے ہیں۔
سینئر ممبرعادل رضا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سکولوں اور کالجز کے بچوں کے اندر سیر و تفریخ کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کی ہسٹری کو جاننے کی خواہش پیدا کرنا ہے جو قومیں اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں انہیں کبھی زوال نہیں آتا۔ ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ نے کہاکہ اپنی ثقافت اور تاریخ بارے نئی نسل کو روشناس کروانا ایک بہت ہی اچھا اقدام ہے اس سلسلہ میں میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہوں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں اور کالجز سے سیاحتی گروپ آتے جاتے رہتے ہیں تاہم سرکاری سکولوں کے اندر اس طرح کا رجحان نہیں ہے کیونکہ بچوں کے والدین گھر سے زیادہ دور جانے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاحت کے فروغ کی سرگرمیوں کیلئے ہم سے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا تاہم ای ڈی او ایجوکیشن سے بھی ملاقات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کے اندر سیاحت اور اپنے ملک کے تاریخی مقامات کو دیکھنے اور آگاہی حاصل کرنے کیلئے پیش رفت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانی تاریخ کے حوالے سے ایک کتاب لکھی ہے جس کی آئندہ ہفتے باقاعدہ افتتاحی تقریب رکھی جائے گی انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا وہ اس کتاب کی افتتاحی تقریب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل آفس لاہور میں کریں گے ۔اس موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ہوٹل اینڈ ٹورازم عظیم قصوری نے ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی۔