کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونین کونسل قائد آباد میں دو جماعتی اتحاد کے متفقہ اُمیدوار برائے چیئر مین نذیر محمد خان نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت ہمارا شعار ہے ماضی میں بھی عوام کی بلا امتیاز خدمت کے ذریعے مسائل حل کرنے کے لئے بے لوث خدمت کی ہے آج بھی کررہے ہیں اور آئندہ بھی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر عسکری ٹائون،قذافی ٹائون ،ظفر ٹائون ،ریڈیو پاکستان کالونی،قائد آباد گلستان سوسائٹی اور چراغ کالونی کے دورے کے موقع پر عمائدین و معززین سے ملاقات میں کیا ۔نذیر محمد خان نے مزید کہاکہ سابق دور نظامت میں یوسی قائد آباد میں روڈز ،سرکاری اسکول ،فراہمی و نکاسی آب کی بہتری اور صحت و صفائی و دیگر عوامی ترقیاتی اقدامات ہماری خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں مقیم برادریوں نے نذیر محمد خان کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے سابقہ دور میں ان کی عوامی خدمات کو سرا ہا انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ علاقے کے مزید ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے آئندہ بھی اقدامات کرتے رہیں گے نذیر محمد خان نے کہاکہ عوام بلدیاتی انتخابات صالح اور نیک نمائندوں کا انتخاب کریں جو ان کے مسائل کو حل اور عوام کی فلاح و بہبود کے کام کو احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔